حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ماہ ذی القعدہ کی آمد کے ساتھ ہی حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی ولادت اور عشرۂ کرامت میں "شیخ طوسی" کی مایۂ ناز کتاب "النہایہ" کی رسم اجرا اور رونمائی سرزمین قم سے ہوگی۔
حجت الاسلام احمد قادری نے اس خبر کا اعلان کرتے ہوئے کہا: اس شاندار کتاب کی تصحیح موسسۂ امام ہادی علیہ السلام کی تحقیقاتی ٹیم نے انجام دی ہے جو کہ پانچ جلدوں میں زیور طباعت سے آراستہ ہوکر حضرت فاطمہ معصومہ کی ولادت کے پرمسرت موقع پر منظر عام پر آرہی ہے۔
امام ہادی انسٹی ٹیوٹ کے مواصلات اور بین الاقوامی امور کے نائب معاون کتاب "النهایه فی مجرد الفقه و الفتاوی" کو امامیہ فقہ کا ایک مکمل نصاب قرار دیا اور کہا: یہ گرانقدر کتاب شیخ طوسی مرحوم کی چند بہترین اور اوّل پائے کی اور ابتدائی دور کی کتابوں میں سے ایک ہے جسے انہوں نے عالمِ جوانی میں رشتۂ تحریر سے جوڑا تھا جو کہ فقہ اہل بیت علیہم السلام پر اس شیعی عالم کے تبحر علمی کا منھ بولتا ثبوت ہے۔میں شیعوں کے سائنسی مہارت کی علامت ہے۔
امام ہادی انسٹی ٹیوٹ کے اس تحقیقی رکن نے اس قیمتی کتاب کی عظمت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: "النهایه شیخ طوسی" کئی برسوں سے مدارس کی درسی کتاب میں شامل رہی ہے، اور اس پر طرزِ اوّل کے علماء و محققین کی متعدد شرحوں کا وجود اس کی عظمت کو مزید آشکار کرتا ہے۔
اس کتاب کی تحقیق پر صرف ہوئے وقت کو بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ: اس شیعہ فقہ کی کتاب کو تحقیق اور درست کرنے میں 13 سال سے زیادہ کا عرصہ لگا ہے جو پوری طرح سے قم میں واقع امام ہادی انسٹی ٹیوٹ کے محققین نے انجام دیا ہے۔
حجت الاسلام قادری نے یہ بھی کہا کہ: "ان شاء اللہ حضرت معصومہ سلام کی بابرکت آمد کی بدولت، اس قیمتی کتاب کا افتتاح آستان مقدس قم کے متولی حضرت آیت الله سعیدی دامت برکاته کے ذریعہ کیا جائے گا۔"
انہوں نے کہا: "اس تقریب میں،مرجع عالیقدر حضرت آیت الله العظمی علوی گرگانی دامت برکاتہ کا تصویری پیغام منتشر کیا جائے گا ساتھ ہی آیات عظام نمازی اور رجبی بھی اس بزم کی زینت ہونگے۔
حجت الاسلام قادری نے مزید کہا، "اس تقریب کے دیگر پروگرام میں حاج سید محسن بنی فاطمی کی منقبت خوانی اور یاسر محمدی کی مدح خونی شامل ہے۔
واضح رہے کہ یہ تقریب خیابان معلم پر واقع سابق ریسرچ انسٹیٹیوٹ دفتر تبلیغات اسلامی حوزه علمیه قم کے کانفرنس ہال میں12 جون 2021 بروز سنیچر بوقت 7 عصر منعقد ہے۔
یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اس تحقیقی انسٹی ٹیوٹ کی ایک اور عمدہ تخلیق عظیم کتاب ""الاعتقادات شیخ صدوق"کی تصحیح اور تحقیق ہے، جو 2010 میں مقام معظم رهبری دامت برکاته کی موجودگی میں منظر عام پر آئی تھی اور آپ کے حضور میں اس کی رونمائی ہوئی تھی۔